سیکیورٹی خدشات کے باوجودچوہدری نثار کا یوم مزدور کی تقریب میں شرکت کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں دہشتگردی کے خدشے اور ایجنسیوں کی طرف سے وفاقی وزراء کو شرکت سے گریز کرنے کی تجویز دیئے جانے کے بعد وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان بھی میدان میں آگئے ہیں اور یوم مزدور کی تقریب میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایجنسیاں پاکستان آرڈیننس فیکٹری (پی اوایف) جیسے حساس مقامات کی سیکیورٹی نہیں کرسکتیں تو یہ ان کی کارکردگردی پر سوالیہ نشان ہو سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یوم مئی کے موقع پر پی او ایف میں ہونیوالی تقریب میں دہشتگردی کے خطرے سے متعلق الرٹ جاری کیے جانے کے بعد چوہدری نثار نے دو دیگر وفاقی وزراء کے ہمراہ تقریب میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اگر پی او ایف کا مزدور محفوظ نہیں تو ہمیں بھی اپنے تحفظ کی پرواہ نہیں، اگر ایجنسیاں پی او ایف جیسے حساس مقام کو محفوظ نہیں کرسکتیں تو یہ ان کی کارکردگی اور صلاحیت پر سوالیہ نشان ہوگا۔
یاد رہے کہ یوم مزدور کے سلسلے میں ہونیوالی تقریب میں چوہدری نثار علی خان نے شیڈول کے مطابق وزیردفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اور برجیس طاہرکے ہمراہ شرکت کرنا تھی ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکرہے کہ اس سے پہلے واہ کینٹ کے علاقے میں رینجرز نے دو دہشتگردوں کو مقابلے کے بعد موت کے گھاٹ اتاردیا تھاجن کے قبضے سے دو خودکش جیکٹس، اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا، پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے جس مکان میں پناہ لے رکھی تھی ، اس کا مالک واہ فیکٹری کا ملازم ہے لیکن دہشتگردوں کا ہدف اعلیٰ فوجی اور پولیس افسران تھے ۔