وزیراعظم کی وزیرداخلہ کو نیوزلیکس کے نئے نوٹیفکیشن میں ابہام دور کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے وزیرداخلہ چوہدری نثار كو نیوز لیكس معاملے پر نئے نوٹیفكیشن كے حوالے سے تمام ابہام دوركرنے كی ہدایت كردی۔ نیوزلیكس كے معاملہ پر وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان تسلسل كےساتھ وزیراعظم سے ملاقاتیں كررہے ہیں اور اسی حوالے سے پیر کے روز بھی وزیراعظم اور وزیرداخلہ کی چوتھی ملاقات ہوئی جس میں نیوزلیكس معاملے كے حتمی نوٹیفكیشن سے متعلق تبادلہ خیال كیا گیا اور نوٹیفكیشن كو حتمی شكل دینے كے لیے وزیرداخلہ نے وزیراعظم سے تفصیلی مشاورت كی ہے۔ ذرائع كا كہنا ہے كہ ملاقات میں نیوزلیكس معاملے كے حتمی نوٹیفكیشن سے متعلق امور كوزیرغور لایا گیا اور رپورٹ كے حوالے سے تمام تكنیكی پہلوؤں كاجائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں تفصیلی مشاورت كا مقصد نوٹیفكیشن منظر عام پر آنے سے پہلے معاملے كے تمام پہلوؤں كو مدنظر لانا اور شامل كرنا ہے جب کہ اہم ملاقات کے بعد توقع ہے كہ نیوز لیکس کے حوالے سے جلد نیا نوٹیفكیشن جاری ہوگا۔