پیپلزپارٹی کی پالیسیوں کے نتیجہ میں پاک فوج طالبان کیخلاف صف آرا ہے، یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد: سابق وزیراعظم پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کے نتیجہ میں پاک فوج کے جوان قوم کے مستقبل کے لئے طالبان کے خلاف صف آرا ہیں، گزشتہ انتخابات سے قبل مجھے نا اہل کرانا قبل از وقت انتخابی دھاندلی تھی۔ نجی ٹی وی چینل ’’کیپٹل ٹی وی ‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ چارٹر آف ڈیموکریسی پر ہماری حکومت نے 85 فیصد عمل درآمد کیا اور آئین کو بحال کرنے کا وعدہ پورا کیا، ہم نے اپنے دور میں طالبان سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا،جنوبی وزیرستان، مالاکنڈ اور سوات آپریشن کا حکم میں نے دیا،پوری دنیا ،چاروں صوبوں اور عوام نے اس آپریشن میں ہماری مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے منشور میں کئے ہوئے وعدے پورے نہیں کر سکی، طالبان سے مذاکرات مسلم لیگ ن کے منشور کا حصہ تھا، ہم نے مسلم لیگ ن کی حکومت کو پورا موقع دیا اورسپورٹ کیا اور کہا کہ آپ مذاکرات کریں ہم تعاون کریں گے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ہم پر الزام تھا کہ ہماری پالیسیاں غلط ہیں، ن لیگ کی حکومت ایک سال تک فیصلہ ہی نہیں کر پائی کہ مذاکرات کرتے یا آپریشن؟ آرمی پبلک سکول پر حملے نے ثابت کیا کہ طالبان کے خلاف ہماری پالیسی ٹھیک تھی آج جو فوجی آپریشن ہو رہا ہے ،یہ پیپلز پارٹی کی حکومت کی پالیسی کا نتیجہ ہے کہ ہمارے فوجی جوان ہمارے کل کے لئے اپنا آج قربان کر رہے ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مجھے انتخابات سے قبل نا اہل کرنا قبل اَز وقت انتخابات دھاندلی تھی ، تمام سیاسی پارٹیاں جانتی تھی کہ میں نے انتخابی مہم کو لیڈ کرنا تھا، انتخابات سے قبل ہمارے آپریشن محدود کر دیئے گئے، سوئٹزر لینڈ حکام کو خط لکھنے کے معاملے پر میرا موقف تھا کہ پاکستان کے آئین کی حفاظت کی جائے، مجھے کہا جاتا تھا کہ لکھیں کہ فیڈریشن کے سربراہ کو سوئٹزر لینڈ حکام لے جائیں ،میں نے کہا تھا کہ جب صدر کی مدت مکمل ہو جائے تو مقدمہ چلا دیں، صدر کی مدت ملازمت سے پہلے خط نہیں لکھ سکتا، صدر کو پاکستان اور باہر مکمل استثنیٰ حاصل تھا۔
سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اپنے فوجی جوانون کی قربانیوں کی ہم تعریف کرتے ہیں ،سویلین نے بہت قربانیاں دی ہیں،ہم ان قربانیوں اور جذبے کی بڑی قدر کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں 2002میں تو اپوزیشن لیڈر بھی نہیں بننے دیا گیا ،سیاست میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے ،زرداری صاحب کہہ چکے تھے کہ آنے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی کو لیڈ گیلانی کریں گے لیکن ایک سازش کے تحت مجھے ڈس کوالیفائی کر دیا گیا ۔