سول ملٹری تعلقات میں تناؤ ڈالنے کی کوشش ہمیشہ کے لیے ناکام بنا دی گئی، مریم اورنگزیب
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تمام ادارے جمہوریت کو مستحکم کرنے کی جانب گامزن ہیں۔ کچھ لوگ قومی مفادات کے خلاف باتیں کرتے ہیں۔ آج کے فیصلے سے پاکستان کی جیت ہوئی ہے۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آج جو روایت قائم کی گئی ہے، وہ ملک کے لیے بہت بہتر ہے۔ آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے، ساری دنیا اس کو تعریف کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ اداروں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، سول ملٹری تعلقات میں تناؤ ڈالنے کی کوشش ہمیشہ کے لیے ناکام بنا دی گئی۔ طے ہوا پاکستان میں جمہوریت ہی واحد راستہ ہے۔ آج یہ بھی طے ہوگیا کہ تمام ادارے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ایک ہیں۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا پر کچھ لوگ پاکستان مخالف افراد کا ایجنڈا پرموٹ کر رہے ہیں۔ پاکستان کا آنے والے دور خوشخبریوں کا دور ہے، اب جمہوریت پھلے پھولے گی۔ آج پاکستان کے حقیقی بیانیے کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم کے خلاف ہرطرف سے آوازاٹھ رہی تھی انہوں نے تحمل کا مظاہرہ کیا،پاکستان کے ادارے مستحکم ہورہے ہیں۔وزیراعظم نے تحمل کا مظاہر ہ کرتے ہوئے پاکستان میں جمہویت کو فروغ دینے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاک فوج کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہاگیاجمہوریت کے عمل کوطاقت ملے گی۔ آج ان کی پریس ریلیز کی آخری لائن بھی اہم ہے۔