آصف علی زرداری نے سانحہ مستونگ کی ذمہ داری حکومت پر ڈال دی
اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے سانحہ مستونگ کی ذمہ داری حکومت پر ڈال دی۔ کہتے ہیں مولانا فضل الرحمن ایکشن لیں تو پیپلزپارٹی مکمل طور پر ساتھ دے گی، سابق صدر آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور سانحہ مستونگ پر اظہار افسوس اور تعزیت پیش کی۔ میڈیا سے گفتگو میں آصف علی زرداری نے سانحہ مستونگ کی مذمت کرتے ہوئے نشینل ایکشن پلان پر عمل درآمد پر سوال اٹھایا اور کہا کہ حکومت کی غفلت کے باعث یہ سانحہ پیش آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ذمہ داری کا مظاہرہ کرتی تو یہ سانحہ نہ دیکھنا پڑتا، آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اگر مولانا فضل الرحمان ایکشن لیں تو ہم مکمل طور پر ساتھ دیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے مشاورت سے ایک حکمت عملی بنائی جا سکتی ہے۔ ذمہ داروں کا تعین بھی باہمی مشاورت سے کیا جاسکتا ہے۔ سربراہ جے یو آئی سے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے ملاقات کی اور سانحہ پر افسوس کا اظہار کیا۔