اسلام آباد

شہیدوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، سردار ایاز صادق

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ڈپٹی چیئر مین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے بھائی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ڈپٹی چیئر مین سینیٹ کی طبیعت کو بارے میں دریافت کیا، مولانا عبدالغفور حیدری کے بھائی جو ڈپٹی چیئر مین سینیٹ کے ساتھ ہسپتال میں موجود ہیں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو بتایا کہ مولانا عبدالغفور حیدری زیرعلاج ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں بات چیت کرنے سے ناصرف منع کیا ہے بلکہ مکمل طور پر آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے، اسپیکر کو بتایا گیا کہ مولانا عبدالغفور حیدری کو سارے جسم پر ضربیں آئی ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔ سردارایاز صادق نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے لیے دعا کی کہ وہ جلد از جلد صحتیاب ہوکر ہم میں موجود ہوں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان سے گفتگو کرتے ہوے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اور ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزا ئم میں کامیاب نہیں ہوسکتے اور پوری قوم ان کا مردانہ وار مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے،مشکل کی اس گھڑی میں آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔ سپیکر قومی اسمبلی کا مولانا فضل الرحمن سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ کا لاکھ شکر ہے کہ دہشت گردی کے واقعہ میں مولانا عبدالغفور حیدری محفو ظ رہے لیکن قیمتی جانوں کے ضیاع پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے ، اللہ ان کے درجات بلند کرے ،شہیدوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close