وزیراعظم کے استعفیٰ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اپوزیشن جماعتیں بھکلاہٹ کا شکار ہیں، مصدق ملک
اسلام آباد: وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ 2018ء کے الیکشن میں وزیر اعظم نواز شریف عوام کی عدالت میں جائیں گے اور اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کریں گے، عوام کی پرچی سے ہی تبدیلی آئے گی، وزیر اعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کوئی نئی بات نہیں مگر استعفیٰ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اپوزیشن جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈاکٹر مصد ق ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کوئی نئی بات نہیں، 2013ء کے الیکشن کی طرح اپوزیشن جماعتیں پانامہ کیس کا فیصلہ بھی تسلیم نہیں کر رہی ہیں، وزیراعظم کو اس منصب پر سیاسی جماعتوں نے نہیں بلکہ پاکستان کے 20 کروڑ عوام نے بٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پانامہ کے فیصلہ سے قبل ہی اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کیا تھا، اپوزیشن جماعتوں کو آئندہ انتخابات کا انتظار کرنا چاہئے، 2018ء کے الیکشن میں وزیراعظم نواز شریف عوام کی عدالت میں جائیں گے اور اپنے آپ کو دوبارہ احتساب کیلئے پیش کریں گے، اپوزیشن جماعتوں کو ایک بات سمجھنی چاہئے کہ عوام کی پرچی سے ہی تبدیلی آئے گی اور کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں ہے۔