چارسدہ اور مہمند بم دھماکوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں، عمران خان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چارسدہ اور مہمند ایجنسی میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔ عمران خان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صوبائی حکومت کو بم حملوں میں زخمی ہونے والوں کے بہتر علاج کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ آج صبح شبقدر کے ایک نجی سکول کے سامنے ہوئے بم دھماکے میں چوکیدار اور ایک طالبعلم جبکہ گذشتہ شب شبقدر ہی کے میرو کلے میں نامعلوم افراد کی جانب سے ایک گھر پر کئے گئے دستی بم حملے میں 2 افراد زخمی ہوئے۔ گذشتہ شب چارسدہ سے متصل مہمند ایجنسی کے علاقے موصل کور میں بھی نامعلوم افراد نے ایک گھر پر دستی بموں سے حملہ کیا، جس میں 5 خواتین اور 6 بچے زخمی ہوئے۔ چند گھنٹوں میں ایک ہی جیسے حملوں سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ دوسری جانب پولیس اور سکیورٹی فورسز نے ان علاقوں میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔