پاک فوج نے حالیہ سرحدی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دیا، جنرل قمر باجوہ
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا کہنا ہے کہ فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کی بدولت ملک میں استحکام آیا ہے۔ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔ سالانہ فارمیشن کمانڈر کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے حالیہ سرحدی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت 75ویں سالانہ فارمیشن کمانڈر کانفرنس میں شرکاء کو جیو اسٹرٹیجک صورتحال، آپریشن ردالفساد، فوجی کی آپریشنل تیاریاں، غیرروایتی خطرات اور قومی سلامتی سے جُڑے امور پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں فاٹا کی صورتحال، حالیہ پاک افغان بارڈرمنیجمنٹ کے اقدامات پر بھی غور کیاگیا۔ شرکاء کا کہنا تھاکہ فاٹا اصلاحات پر عوامی امنگوں کے مطابق عمل کی جانا چاہیے۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا تھاکہ بےپناہ قربانیوں کے بعد ملکی استحکام کو مزید بہتر بنایا جائےگا۔ سپاہ سالار نے دشمن کو بھی واضح پیغام دیا اور کہا کہ سرحد پر کہیں بھی دشمن کی مہم جوئی کا بھرپورانداز میں جواب دیا جائیگا۔ آرمی چیف نے مشرقی اور مغربی سرحد پر آپریشنل تیاریوں اور پاک فوج کے مورال کی تعریف کی۔ فارمیشن کمانڈر کانفرنس میں بلوچستان میں امن و استحکام کی صورتحال پر بھی غور کیاگیا۔ بلوچ عوام کے تعاون سے ترقی اور استحکام کیلیے کوششیں جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کیا۔ سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی پر بھی غور کیاگیا۔ اجلاس میں سی پیک میگا پروجیکٹس کی سیکیورٹی مزید بہتر بنانے پر زور دیاگیا۔