اسلام آباد
پاناما کیس جے آئی ٹی پرحسین نوازکے اعتراضات پر سماعت 29 مئی کو ہوگی
اسلام آباد: پاناما کیس کی جے آئی ٹی پر حسین نواز کے اعتراضات کے حوالے سے سماعت 29 مئی کو ہوگی۔ وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز کی جانب سے پاناما کیس کی جے آئی ٹی میں شامل دو ارکان بلال رسول اور عامر عزیز کی شمولیت پر اعتراض اٹھائے گئے تھے، حسین نواز نے سپریم کورٹ میں جے آئی ٹی کے ان دو ارکان کے حوالے سے درخواست جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا کہ ان دونوں کی سیاسی جماعت سے وابستگی ہے لہٰذا خدشہ ہے کہ یہ کیس میں غیرجانبدار نہیں رہیں گے۔ سپریم کورٹ کے خصوصی بینچ کے تینوں ججز نے متفقہ طور پر حسین نواز کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے جے آئی ٹی ارکان پر اعتراضات کے حوالے سے سماعت 29 مئی کو مقرر کردی۔ واضح رہے کہ پاناما کیس کی جے آئی ٹی میں شامل بلال رسول اسٹیٹ بینک اور عامرعزیز سیکیورٹی ایکس چینچ کمپنی پاکستان (ایس ای سی پی) کے نمائندے ہیں۔