کیا عمران خان نے بول ٹی وی جوائن کرلیا؟ اصل حقیقت سامنے آگئی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی جانب سے بول ٹی وی کو جوائن کرنے کی خبر گزشتہ روز سے گردش کر رہی اور پروگرام کا ایک پرومو بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق عمران خان سیاسی پروگرام کرنے جا رہے ہیں تاہم پی ٹی آئی نے ان تمام خبروں کی تردید کر دی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ”ٹوئٹر“ پر جاری پیغام میں ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ”چیئرمین عمران خان کی جانب سے بول نیٹ ورک جوائن کرنے اور پروگرام شروع کرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مہم میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ انہوں نے معمول کے مطابق مذکورہ پروگرام کیلئے ایک انٹرویو ریکارڈ کروایا ہے۔“
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی ایک مہم میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ عمران خان نے بول نیٹ ورک جوائن کر لیا ہے جہاں وہ ایک پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مذکورہ پروگرام کا ایک پرومو بھی جاری کیا گیا ہے جو کافی وائرل ہوا ہے تاہم اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ انہوں نے صرف ایک انٹرویو ریکارڈ کروایا ہے اور وہ کوئی پروگرام نہیں کرنے جا رہے۔