شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس، وزیر اعظم اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، تہمینہ جنجوعہ
اسلام آباد: سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ جمعرات کو شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس میں وزیراعظم پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ سربراہ اجلاس میں پاکستان کو تنظیم کی مکمل رکنیت دی جائے گی۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے، اجلاس جمعرات سے قازقستان میں شروع ہو رہا ہے۔ آستانہ میں کانفرنس کے دوران پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت دی جائے گی۔ سیکرٹری خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ آج دہشتگردی بڑا چیلنج ہے اور پاکستان اس ناسور کا شکار ہوا ہے۔ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہمارا قومی چیلنج ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے حوالے سے سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھاکہ پاکستان تمام بین الاقوامی فورموں پر بےگناہ کشمیریوں کیلئے آواز اٹھانے کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھی تنازعہ کشمیر کو بھرپور طریقہ سے اٹھایا ہے، بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔