پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ
راولپنڈیی: پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا جس میں پاکستان نے بھارتی فائرنگ میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کا معاملہ اٹھایا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی طرف سے فائر بندی کی خلاف ورزیوں کے تناظر میں پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا۔ پاکستان آرمی کے ڈی جی ایم او میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور عام شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کے معاملات اٹھائے۔ میجر جنرل ساحر شمشاد نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور یہ جواب اپنی مرضی اور وقت کے مطابق دیں گے۔
ڈی جی ایم او میجر جنرل ساحر شمشاد نے کہا کہ یکم جون کو بھارتی فائرنگ سے معصوم شہری شہید ہوئے۔ پاک فوج ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر امن اور استحکام کے قیام کیلئے پرعزم ہے۔ میجر جنرل ساحر شمشاد نے بھارت کی جانب سے عام شہریوں کو شہید کرنے اور غلطی سے ایل او سی پار کرنے والوں کو در انداز قرار دینے کو انتہائی غیر پیشہ وارانہ حرکت قرار دیا۔