پاناما کیس میں (ن) لیگ کا جنازہ نکلتا دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید
اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاناما کیس میں (ن) لیگ کا جنازہ نکلتا دیکھ رہا ہوں اور مایوسی بھی ان کے چہروں پر عیاں ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے استعفیٰ پر عید کے بعد تمام اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہوں گی لیکن اس سے پہلے ہی 22 جون تک جے آئی ٹی میں بہت سی صورتحال واضح ہو جائے گی اور بہت جلد ہی مریم نواز، شہباز شریف سمیت دیگر افراد کو بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاناماکیس میں (ن) لیگ کا جنازہ نکلتا دیکھ رہاہوں اور مایوسی (ن) والوں کے چہروں سے عیاں ہورہی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کی جانب سے قومی اسمبلی میں موبائل فوٹیج پر پابندی اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ (ن) لیگ والے میڈیا سے خوفزدہ ہیں ہم اس حوالے سے قومی اسمبلی میں بات کریں گے اور میڈیا پر پابندی کے خلاف ہرفورم پر آواز اٹھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمشید دستی کو اسمبلی میں حکومت مخالف نعرے لگانے کی سزا دی جارہی ہے۔