جے آئی ٹی کے رویئے سے تعصب اور جانب داری کی بوآتی ہے، ترجمان وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے خود کو احتساب کے لئے پیش کرکے مثال قائم کی لیکن جے آئی ٹی کے رویئے سے تعصب اور جانبداری کی بو آتی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان وزیراعظم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ سب کو پتہ ہے کہ وزیراعظم کا نام پاناما دستاویزات میں نہیں ہے لیکن پھر انہوں نے خود کو 3 نسلوں کے حساب کے لئے پیش کیا اور یہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے، نوازشریف کسی پروٹوکول کے بغیر ذاتی گاڑی میں تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے اور واضح کیا کہ گلف اسٹیل کے دور میں ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ نوازشریف آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں لیکن جے آئی ٹی کا جو رویہ شریف فیملی کے ساتھ چل رہا ہے اس میں تعصب اور جانبداری کی بو آتی ہے، جے آئی ٹی نے خود تسلیم کیا کہ ایک نامعلوم شخص نے حسین نواز کی تصویر لیک کی۔
اس موقع پر دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو گڑھے کھودے تھے ان میں اب وہ خود منہ کے بل گررہے ہیں عدالتوں سے اشتہاری ہونے والے عمران خان اب بھاگے ہوئے ہیں اور تلاشی سے گھبرا کر پہاڑوں پر چڑھ کر بیٹھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے راشد خان کے حوالے سے منی ٹریل کا کاغذ پیش کیا یہ کیسے ہوسکتا ہے پیسے پہلے دیئے جارہے ہیں اور آ بعد میں رہے ہوں، 2003 میں عمران خان نے اپنا فلیٹ بیچا اور وہ بھی قرض ادا کئے جو انہوں نے کبھی لیا ہی نہیں تھا، عمران خان نے جمائما کی طرف سے پیسوں کی ادائیگی کا جھوٹ بول رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری اطلاعات عمران گورائیہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف ہر پاکستانی کا فخر ہیں انہوں نے خود کو احتساب کے لئے پیش کرکے اعلیٰ مثال قائم کی اور مخالفین کے منہ کردیئے پیالی میں طوفان کھڑا کرنے والی اپوزیشن اب بھیگی بلی کی طرح بیٹھ گئی ہے۔