شریف خاندان جے آئی ٹی میں میچ ہار چکا ہے، نواز اور شہباز کا اصل گھر اڈیالہ جیل ہے، عمران خان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شریف خاندان جے آئی ٹی میں میچ ہار چکا ہے، نواز اور شہباز کا اصل گھر اڈیالہ جیل ہے۔ بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ انہوں نے ملزم اعلیٰ کی تقریر سنی، نجانے کونسی سازش کی بات کر رہے ہیں۔ پاناما لیکس پاکستانی سازش نہیں، پاناما کے انکشافات ایک سال قبل ہوئے، برطانوی وزیراعظم کا نام آیا تو اس نے یہ نہیں کہا کہ یہ سازش ہے۔ سب کو پتہ تھا کہ شریف برادران کے مےفیئر میں محلات ہیں لیکن مریم نواز نے کہا کہ میری اندرون و بیرون ملک جائیداد نہیں، شہباز شریف نے جھوٹ بولا کہ 70ء کی دہائی میں ان کا سب سے بڑا کار و بار تھا، ظلم ہوتے ہوئے بھی شریف خاندان کے بچے ارب پتی ہو گئے۔ کلثوم نواز کے سوا پوری شریف فیملی نے جھوٹ بولا، انہوں نے کہا کہ ہاں ہم نے اپنے بچوں کے لیے فلیٹس خریدے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے کہا کہ ہم پر کریشن کا ایک کیس نہیں حالانکہ نواز شریف کے خلاف نیب میں 12 کیس پڑے ہیں، جمہوریت میں لیڈر جوابدہ ہوتا ہے، شریف خاندان کا کبھی احتساب ہی نہیں ہوا، انہوں نے لوگوں کو رشوت دے کر خریدا۔ ہم اپوزیشن ہیں اور حزب اختلاف یہ سب کچھ پوچھتی ہے لیکن یہ لوگ مسلسل جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں۔ سپریم کورٹ میں انہوں نے کچھ پیش نہیں کیا۔ جس کا خط انہوں نے پیش کیا تھا وہ قطری شہزادہ بھی نہیں آیا۔ عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان نے خود اپنے والد کو منی لانڈرر قرار دے دیا۔ یہ لوگ 30 سال سے مظلوم شکل بنا کر ملک کو لوٹ رہے ہیں۔ دونوں بھائیوں نے جے آئی ٹی کے سامنے ڈراما کیا، یہ لوگ 30 سال سے کرپشن کر رہے ہیں، یہ جے آئی ٹی میں خود پیش نہیں ہوئے انہیں بلایا گیا ہے۔ نوازشریف نے جے آئی ٹی سے باہر آکر پہلے سے لکھی تقریر پڑھی۔ ان لوگوں نے تو خود اپنے والد کو منی لانڈرر قرار دے دیا۔