اس حکومت نے ساڑھے تین سال میں عوام کو غریب اور مقروض کر دیا ہے
اسلام آباد : قرضہ لینے پر خودکشی کرنے والے نے ہر پاکستانی پر واجب الادا قرض میں 50 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کے کُل قرض کا 70 فیصد عمران صاحب نے لیا، ہر پاکستانی ایک لاکھ 79 ہزار روپے سے زیادہ کا مقروض ہو چکا۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے جاری بیان میں کہا ہے کہ قرضہ لینے پر خودکشی کرنے والے نے ہر پاکستانی پر واجب الادا قرض میں 50 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں لئے گئے کُل قرض کا 70 فیصد عمران صاحب نے اپنے ساڑھے تین سال کی مدت میں ملک پر مسلط کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب کی وجہ سے 58 ہزار سے بڑھ کر آج ہر پاکستانی ایک لاکھ 79 ہزار روپے سے زیادہ کا مقروض ہو چکا ہے۔ دو کروڑ بیس لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیئے گئے ہیں، جس میں سے ایک کروڑ چالیس لاکھ بچے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ساڑھے تین سال میں عوام کو غریب اور مقروض کر دیا ہے۔ وزیر خزانہ نے بڑی خوشی سے پاکستان کے مزید ایک ارب ڈالر مقروض ہونے کا اعلان کیا۔ نظر رکھی جائے، آئی ایم ایف سے قرض لینے پر خودکشی ہی نہ کرلیں؟
ترجمان نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ عمران صاحب نے قوم پر جو قرض لادا ہے، یہ کون ادا کرے گا؟ عمران صاحب کے اس قومی جرم کی ادائیگی پاکستان کے نوجوان اور آنے والی نسلوں کو کرنی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں قرض کے خلاف بولنے والے عمران صاحب نے حکومت میں آنے کے بعد پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ملک کو مقروض کر دیا۔ قرض کا تاریخی ریکارڈ پاکستان کے لئے خطرناک ہے۔