22 مؤذنوں کی شہادت، دنیا بھر میں آج یوم شہدائے کشمیر منایا جا رہا ہے
سرینگر / لاہور: کشمیرسمیت دنیا بھر میں آج (13 جولائی کو) 22 مؤذنوں کی شہادت کی یاد میں یوم شہدائے کشمیر منایا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 13 جولائی 1931ءکو کشمیر میں ہزاروں مسلمانوں نے عبدالقدیر نامی کشمیری رہنما ءکو باغی قرار دے کر گرفتار کیے جانے کے خلاف سرینگر کی سنٹرل جیل کے سامنے احتجاج کیا ۔ جب نماز ظہر کا وقت آیا تو مظاہرین میں سے ایک نوجوان آگے بڑھا اور اس نے اذان دینا شروع کردی۔
اذان کے دوران ڈوگرہ سپاہی نے گولی چلادی جس سے نوجوان موذن شہید ہوگیا۔ گولی چلنے کے باوجود کشمیریوں کے پائے استقامت میں ذرا بھی لغزش نہ آئی اور ایک اور نوجوان نے آگے بڑھ کر وہیں سے اذان دینا شروع کی جن الفاظ پر پہلا مؤذن شہید ہوا تھا۔ ڈوگرہ سپاہیوں کی گولیوں سے دوسرا نوجوان بھی شہید ہوگیا۔ دوسرے نوجوان کی شہادت کے بعد اگلا نوجوان اذان کیلئے میدان میں آیا، اس دوران اذان ہوتی رہی اور کشمیری بھی شہید ہوتے رہے۔ اذان مکمل ہونے تک 22 نوجوان شہید ہوچکے تھے۔ اس قتل عام کی یاد میں ہر سال کشمیر سمیت دنیا بھر میں 13 جولائی کویوم شہدائے کشمیر منایا جاتاہے۔