امریکا نے کشمیری حریت پسند تنظیم حزب المجاہدین کو دہشتگرد قرار دے دیا
واشنگٹن: امریکا نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف برسرپیکار حریت پسند تنظیم حزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حزب المجاہدین کو امریکی امیگریشن اینڈ نیشنیلٹی ایکٹ کے سیکشن 219 کے تحت غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ دہشت گردی تنظیم قرار دیے جانے کے بعد امریکا میں موجود حزب المجاہدین کے تمام اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں جبکہ امریکی شہریوں پر اس تنظیم کے ساتھ کسی بھی قسم کی لین دین کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ حزب المجاہدین کا قیام 1989 میں عمل میں آیا تھا اور وہ کشمیر میں سرگرم سب سے بڑی اور پرانی تنظیموں میں سے ایک ہے جس کی قیادت محمد یوسف شاہ المعروف سید صلاح الدین کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ٹرمپ انتظامیہ نے مودی سرکار کو خوش کرنے کے لئے حزب المجاہدین کے کمانڈر سید صلاح الدین کا نام بھی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ امریکا کی جانب سے ان لوگوں کو عالمی دہشتگرد قرار دیا جاتا ہے جو امریکی شہریوں، امریکی سلامتی، خارجہ پالیسی یا معیشت کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہوں یا حملے کرنے کا ارادہ رکھتے ہوں۔