پلوامہ جھڑپ میں لشکر طیبہ کا ضلع کمانڈر ساتھی سمیت شہید
پلوامہ: جنوبی مقبوضہ کشمیر کے پلوامہ ضلع میں قابض فورسز کے ساتھ جھڑپ میں لشکرِ طیبہ کا ضلع کمانڈر اور معروف کرکٹر وسیم شاہ عرف اُسامہ اپنے ایک ساتھی سمیت مارا گیا جبکہ فورسز کی براہ راست فائرنگ سے ایک عام شہری بھی جانبحق ہوگیا۔ جھڑپوں کے دوران سولہ کے قریب نوجوان شدید زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چار کو سرینگر منتقل کیا گیا۔ اس دوران پلوامہ اور اس کے مضافات میں دن بھر جھڑپیں جاری رہیں۔ کشیدہ صورتحال کے بیچ ضلع میں انٹرنیٹ خدمات منقطع کی گئی جبکہ درس و تدریس کا عمل بھی معطل رکھا گیا۔ ادھر ایک طرف تصادم جاری تھا تو دوسری جانب مساجد کے لاوڈ اسپیکروں پر اعلانات کرکے تمام لوگوں کو گھروں سے باہر آنے کے لئے کہا اور دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں لوگ احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے محصور جنگجووں کی مدد کو آگئے تھے تاہم وہ ان کی کوئی مدد نہیں کر پائے۔ لوگوں کو منتشر کرنے کے لئے قابض فورسز نے آنسو گیس کے سینکڑوں گولے داغے تاہم جب مظاہرین منتشر نہیں ہوئے تو فورسز نے فائرنگ کی۔