مقبوضہ کشمیر میں عام ہلاکتوں پر مشترکہ مزاحمتی قیادت سیخ پا
سری نگر: مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ مزاحمتی قیادت بشمول سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے پلوامہ میں ایک عام شہری کی ہلاکت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے اس بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مزاحمتی قائدین نے دو عسکریت پسند کشمیری نوجوانوں کو بھی شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے یہ سرفروش قوم کی خاطر اپنی زندگیاں ایک اعلیٰ اور مقدس کاز کی خاطر پیش کرتے ہیں اور پوری قوم پر یہ ذمہ داری ڈالتے ہیں کہ ان کے مشن کو ہر صورت میں جاری وساری رکھا جائے۔
پُرامن مظاہرین پر براہِ راست فائرنگ کرنے پر سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کہا کہ مسئلہ کشمیر نے حقیقی معنوں میں ایک انسانی المیے کی شکل اختیار کی ہوئی ہے اور یہ خطہ ایک ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا۔ مزاحمتی قائدین نے کہا کہ کشمیری قوم امن کی سب سے زیادہ خواہشمند ہے، البتہ بھارت اپنی ملٹری طاقت کے بل بوتے پر اس مسئلے کو Gun Point پر حل کرنا چاہتی ہے اور وہ کشمیریوں کی ایک منصوبنے بند طریقے پر نسل کُشی کررہا ہے۔ مزاحمتی قیادت نے غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور یہ صدمہ برداشت کرنے کے لئے دعاگو بھی ہیں۔