کشمیر

آزاد کشمیر میں برفباری، ملک کے مختلف حصوں میں بارش، موسم مزید سرد ہوگیا

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادلوں کا راج ہے، وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، لاہور میں آج بھی مطلع ابرآلود، کئی شہروں میں دھند کے ڈیرے ہیں، حد نگاہ کم ہونے کے باعث مختلف موٹر ویز ٹریفک کیلئے بند کردی گئیں، پہاڑی علاقوں میں شدید ٹھنڈ سے شہری گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں، مری، آزاد کشمیر سمیت مختلف مقامات پر برفباری نے موسم کو مزید سخت بنادیا۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں سمیت بیشتر حصوں میں موسم سرد رہنے کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں آج موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، مری اور گلیات میں موسم شدید سرد، مطلع ابر آلود رہے گا، پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں میں بھی دھند پڑنے کا امکان ہے جبکہ سندھ میں سکھر، شکارپور، کشمور، خیرپور بھی دھند چھانے رہنے کی توقع ہے، بلوچستان میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسکردو میں سب سے زیادہ سردی، درجہ حرارت منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی، گلگت اور لیہہ میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کوئٹہ، زیارت، ہنزہ میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، پشاور میں درجہ حرارت ایک، اسلام آباد 3، لاہور 7، کراچی میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ سردی زیارت میں پڑرہی ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ قلات میں منفی 7، کوئٹہ منفی 6، پشین منفی4، ژوب میں کم سے کم درجہ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید سردی کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں میں بھی برقرار رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں رات گئے ہلکی برفباری ہوئی، وادی نیلم کے علاقوں جاگران، گریس میں ہلکی برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔

ضلع باغ کے نواح میں لسڈنہ، سدھن گلی، گںگا چوٹی پر بھی برفباری ہوئی، مکڑا، گنجا پہاڑ نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھ لی، وادی نیلم کے مختلف علاقوں میں آج بھی ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

اطلاعات کے مطابق ننکانہ صاحب اور مضافاتی علاقے میں شدید دھند ہے، وار برٹن، منڈی فیض آباد، بچیکی، سیدوالہ اور دیگرعلاقوں میں دھند کا راج ہے، دھند سے حد نگاہ انتہائی کم، ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان شہر اور مضافات میں مکمل دھند کا راج ہے، حد نگاہ متاثر ہونے سے آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے، دھند کی وجہ سے ایم 14 موٹر وے یارک انٹر چینج سے بند کردی گئی ہے۔

شورکوٹ اور گرد و نواح میں بھی شدید دھند چھائی ہوئی ہے، حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے، دھند کے باعث موٹر وے ایم 4 ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند کردگئی ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق لاہور اور گرد ونواح میں دھند کی وجہ سے موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن بند کردی گئی ہے، موٹر وے ایم 3 لاہور سے درخانہ بند ہے، موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان بھی دھند کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے کو حد نگاہ میں بہتری کے بعد کھول دیا گیا۔

سندھ کے مختلف علاقوں بشمول نوشہرو فیروز، مورو، دریا خان، پڈ عیدن میں دھند کا راج ہے، دھند کے باعث حد نگاہ 20 میٹر تک ہے، قومی شاہراہ پر ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس استعمال کریں، ڈرائیور دھند کے باعث اوور ٹیک سے باز رہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close