میاں صاحب کے حالات اتنے بُرے ہو گئے کہ مولانا بچانے آ گئے: عمران خان
.بھمبر:عمران خان نے کہا حکمران بتائیں تین سال میں پانچ ہزار ارب روپے کا لیا گیا قرضہ کہاں گیا۔ نواز شریف کو حکومت بچانے کیلئے فضل الرحمان کی ضرورت پڑ گئی ہے تو مطلب میاں صاحب آپکے حالات بہت بُرے ہیں
آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا اگر آپ سب لوگ جو یہاں بیٹھے ہیں تحریک انصاف کو ووٹ دے دیں تو وہ جیت جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو تبدیلی کیلئے تحریک انصاف کو ووٹ دینے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف تین سالوں میں موجودہ حکومت نے پانچ ہزار ارب روپے کا قرض لیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکمرانوں نے عوام پر یہ سارا قرض چڑھا کر اس سے بیرون ملک جائیدادیں خرید لی ہیں۔ حکومت نے بجلی کا کرپٹ وزیر تعینات کیا ہے جس کی وجہ سے بجلی چوری ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ڈیزل کہتا ہوں تو لوگ مولانا کا نام لینے لگتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان اگر واقعی اسلام کے عالم ہوتے تو میں جب بھی نام لیتا تو ڈیزل کے نعرے نہ لگتے۔ اگر نواز شریف کو حکومت بچانے کیلئے فضل الرحمان کی ضرورت پڑ گئی ہے تو میاں صاحب آپکے حالات بہت بُرے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا نواز شریف کیسے پیسہ پاکستان لیکر آئے گا جب اسکا اپنا پیسہ باہر پڑا ہے۔ پیسہ چوری کر کے باہر بھیجتے ہیں پھر اسمبلی میں جھوٹ بولتے ہیں۔ التوفیق کیس میں ادائیگی کیلئے پیسہ واشنگٹن سے آیا۔ میاں صاحب نے 3 مرتبہ سچ بولنے کے بجائے طوطا مینا کی کہانی سنائی۔ ان کا مزید کہنا تھا ہماری آدھی آبادی تقریباً غربب کی لیکر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے اور خوراک پوری نہ ملنے کے باعث 50 فیصد لوگ اپنے پورے قد پر نہیں پہنچتے۔ انہوں نے کہا میاں صاحب بزنس مین ہیں سب کو خرید لیتے ہیں۔ کشمیر کے الیکشن میں فتح حاصل کریں گے اور خیبر پختونخوا کی طرح اختیارات نچلی سطح پر منتقل کریں گے۔ خیبرپختونخوا میں 44 ارب روپے ضلعی حکومتوں کو دیا۔ آزاد کشمیر میں امریکا کی طرح غیر جاندار نیب ہو گا۔ کشمیر میں ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈ نہیں دیں گے۔