کشمیر
لائن آف کنٹرول پہ بھارتی جارحیت جاری، ایک اور شہری شہید
لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک اور شہری شہید ہو گیا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر چھمب سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شہری ولایت حسین شہید جب کہ ایک اور شہری زخمی ہو گیا، جسے بھمبر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب بنڈالہ میں بھی بھارتی فورسز کی جانب سے فائرنگ کی گئی اور نالی پتنی کی سول آبادی پر بھی گولے برسائے گئے تاہم بھارتی فوج کی درندگی کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے جب کہ گزشتہ کئی ماہ سے بھارتی فوج ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے جس کی وجہ سے اب تک کئی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔