مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی درندگی، 12 نوجوانوں کو شہید کردیا
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ قابض فوج نے ضلع اسلام آباد اور شوپیاں میں آپریشن کے دوران 12 نوجوانوں کو شہید کردیا۔ 11 کشمیری نوجوانوں کی لاشیں شوپیاں میں ایک گاؤں سے ملیں جب کہ ایک نوجوان کو ضلع اسلام آباد کےعلاقے دیالگام میں شہید کیا گیا۔
بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا کہ یہ نوجوان بھارتی فوج سے جھڑپ کے دوران مارے گئے اور ان کا تعلق عسکریت پسند تنظیم حزب المجاہدین سے تھا جبکہ شہید نوجوانوں میں اعلیٰ مجاہد کمانڈرز بھی شامل ہیں۔ جنوبی کشمیر کے علاقے کچدورا میں ہونے والی ایک جھڑپ میں تین بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ ضلع اسلام آباد میں بھارتی پولیس نے ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔
کشمیری نوجوانوں کے قتل پر حریت قیادت نے دو روزہ ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔ بھارتی مظالم اور بے گناہ نوجوانوں کی شہادت کے خلاف کشمیری عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔ کٹھ پتلی حکومت نے لوگوں کو احتجاج سے روکنے کے لیے اننت ناگ اور شوپیاں میں انٹرنیٹ اور ٹرین سروس معطل کردی۔