کشمیر

بھارتی فورس کی گاڑی نے کشمیری نوجوان کو کچل کر شہید کردیا

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے جامع مسجد کے باہر مظاہرین پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید جب کہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔

کشمیر میڈیا سیل کے مطابق قابض بھارتی فورس نے نہتے عوام پر ظلم و بربریت کی انتہا کرتے ہوئے کشمیری نوجوان قیصر بٹ کو گاڑی تلے کچل دیا جب کہ ایک اور کشمیری نوجوان یونس احمد شدید زخمی ہے جسے سورا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں طبی امداد دی جاری ہے۔ دونوں نوجوان گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد کے باہر مظاہرے میں شامل تھے کہ سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے مظاہرین پر گاڑی چڑھادی۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سری نگر کے علاقے نوہٹہ میں سیکڑوں کشمیری بھارتی پولیس کی جانب سے ایک مسجد کی بےحرمتی کے خلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔ سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی لیکن مظاہرین کے پایہ استقلال میں کمی نہ آنے پر مظاہرین پر گاڑی چڑھا دی۔

کشمیری نوجوان کی شہادت پر مقبوضہ کشمیر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور وادی سوگ میں ڈوب گئی۔ بھارتی جارحیت کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں حریت کانفرنس کی اپیل پر آج مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے جس کے باعث تمام تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند ہیں جب کے ذرائع آمدورفت بھی معطل ہیں اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مئی 2018 میں بھی قابض بھارتی فورسز نے نہتے اور معصوم عوام ظلم و بربریت کا بازار گرم رکھا جس کے نتیجے میں 31 کشمیریوں نے جام شہادت نوش کی جب کے 314 کشمیری زخمی ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں ایک خاتون اور 6 کم سن بچے بھی شامل ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close