آزادکشمیر کے الیکشن میں سیاسی کارکنوں کا لاتوں اور مکوں کا آزادانہ استعمال
لاہور : آزاد کشمیر کے الیکشن کے سلسلے میں پولنگ جاری ہے۔ اس دوران بے ضابطگیاں بھی دیکھنے میں آئیں۔ پرجوش کارکن بھی مخالفین سے لڑ پڑے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر الیکشن کے دوران لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی دیکھنے میں آئے۔ ایل اے 16 پولنگ سٹیشن پر پیپلزپارٹی اورن لیگ کے کارکنوں میں تصادم ہو گیا۔ پیپلزپارٹی کا پولنگ ایجنٹ بشیر زخمی ہو گیا۔ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ نون کے ووٹرز پر شناختی کارڈز چھیننے کا الزام عائد کیا ہے۔
ادھر سیالکوٹ کے پولنگ سٹیشن رومال جٹاں میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کے حامیوں میں تلخ کلامی ہوئی جس کے باعث پولنگ روکنا پڑی۔ پشاور ایل اے 41 میں پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے کارکن آمنے سامنے آگئے اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی۔
میلسی میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے جہانزیب خان کھچی پرفائرنگ کی گئی تاہم وہ محفوظ رہے۔ حویلی میں پیپلزپارٹی کے امیدوار طارق سعید کے قافلے پر قلندری کے مقام پر بھی فائرنگ کی گئی۔ مخالف امیدوار کے سپورٹرز حافظ میر کو گرفتار کرلیا گیا۔ الیکشن کے دوران بدنظمی اور بے ضابطگیاں دیکھنے میں آئیں۔ موبائل پولنگ سٹیشن نمبر 107 سے 4 جعلی ووٹر دھر لئے گئے۔
راولپنڈی میں حلقہ جموں 6 پولنگ سٹیشن اسلامیہ سکول کے باہر ہنگامہ ہوا۔ پولیس نے پولنگ اسٹیشن کے قریب لگائے گئے پولنگ کیمپ اکھاڑدیے۔ ادھر میرپور میں پیپلزپارٹی کے نظریاتی کارکنوں نے اپنا پولنگ اسٹیشن قائم کردیا۔ جیالوں نے اپنا بیلٹ باکس ٹیبل پر سجا کر خودساختہ ووٹ ڈالنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔