مظفرآباد کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے
حکومت آزادکشمیر کے وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ جلد ہی آزادکشمیر ریڈیو مظفرآباد کا دورہ کریں گے ،تاکہ اس ادارے کی بہتری کے لیے عملی بنیادوں پر کام کیا جا سکے ،ان خیالات کااظہا ر انہوں نے وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں آزادکشمیر ریڈیو مظفرآباد کے شعبہ خبر کے انچارج الطاف اندرابی اور سٹیشن ڈائریکٹر لائق زادہ لائق کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے میں ریڈیو آزادکشمیر مظفرآباد کے کردار کو کسی طرح بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ،اس موقع پر سٹیشن ڈائریکٹر نے راجہ فاروق حیدر خان کو وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر ریڈیو مظفرآباد کے تمام کارکنوں کی جانب سے باضابطہ مبارکباد دیتے ہوئے ریڈیو آزادکشمیر مظفرآباد کا دورہ کرنے کی دعوت دی ،جس کو قبول کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ اس ادارے کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے ۔
انہوں نے سٹیشن ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ آزادکشمیر ریڈیو مظفرآباد کی دوبارہ بحالی کے سلسلے میں سفارشات مرتب کریں وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فاروق حیدر خان نے کہا کہ وہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کے دوران ان سفارشات کی روشنی میں آزادکشمیر ریڈیو مظفرآباد کے ہائی پاور ٹرانسمیٹر اور براڈ کاسٹنگ ہاﺅس کی دوبارہ تعمیر کے حوالے سے بات کریں گے۔