کشمیریوں کا قتل عام بھارتی حکومت کا منصوبہ ہے، میر واعظ عمر فاروق
سری نگر: جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو ایک قتل گاہ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت ایک منظم منصوبے کے تحت ہمارے نوجوانوں کو چُن چُن کر قتل کررہی ہے۔ سرینگر میں اپنی گرفتاری سے قبل میرواعظ عمر فاروق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کو ایک قتل گاہ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب اس بات میں کوئی بھی امتیاز نہیں ہے، بچے، جوان، بزرگ یہاں تک کہ حاملہ خواتین کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔
میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ جب کشمیریوں کو مارنا اور انہیں قتل کرنا حکومت کی پالیسی ہو تو حکومتی سطح پر کمیشن کا قیام اور تحقیقات کا اعلان ایک بے معنی عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام قتل عام کے واقعات کی بین الاقوامی ایجنسیوں کے ذریعے غیر جانبدارانہ طور پر تحقیقات کرکے حقائق منظر عام پر لائے جائیں اور بھارتی حکومت کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ جس طرح سے دفعہ 35 اے کے تحفظ کے حوالے سے پوری قوم کے تمام طبقوں نے متحد اور یک زبان ہوکر اس کی مزاحمت کی اور اپنی بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے، اسی طرح ہمیں کشمیریوں کی نسل کشی کو رکوانے کے لئے اب ایک آواز اور متحد ہونا از حد ضروری ہے تاکہ بھارت کے کشمیریوں کی نسل کشی کے ناپاک عزم کو ناکام بنایا جاسکے۔