کشمیر

کشمیری نہیں بلکہ بھارتی حکومت جمہوری عمل پر یقین نہیں رکھتی ہے، انجینئر رشید

سری نگر: جموں و کشمیر عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اس دعویٰ کہ کشمیر میں ایک بار پھر بیلٹ کی بُلٹ پر جیت ہوئی ہے، پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی ایک بار پھر انتخابات کی اعتباریت کو ختم کررہی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کو یہ بات نہیں بھولنی چاہیئے کہ کشمیری عوام، بشمول جنگجوؤں کے اور مزاحمتی قیادت ان انتخابات کی بجائے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے اطلاق کی شکل میں ایک بڑے جمہوری عمل کیلئے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئی دہلی ہی ہے کہ جو مسلسل جموں کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی گواہی کے ساتھ دئے گئے وعدے کو عملانے میں لیت و لعل کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر نئی دہلی پنچایتی انتخابات میں لوگوں کی شرکت سے اتنا ہی خوش ہے تو پھر اسے کشمیر میں رائے شماری کرانے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات اور مسئلہ کشمیر میں کسی قسم کا تعلق تلاش کرنے والا کوئی بھی حلقہ غلطی پر ہے کیونکہ، آزاد کشمیر میں ہوں یا پھر مقبوضہ کشمیر میں، ریاست کے کسی بھی حصے ہونے والے انتخابات کا مسئلہ کشمیر کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، کجا کہ اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کا متبادل بتایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں واضح ہے کہ کشمیر کے کسی بھی حصہ میں ہونے والے انتخابات سے کشمیر کی متنازعہ حیثیت پر کوئی اثر نہیں پڑ سکتا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close