مقبوضہ کشمیر کے رکن اسمبلی نے حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاجاً استعفیٰ دیدیا
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں پیپلزڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی طارق حمید کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام کا خون گلیوں اور نالیوں میں بہہ رہا ہے اس لئے حکومتی پالیسی کے خلاف عہدے سمیت پارٹی سے بھی مستعفیٰ ہورہا ہوں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں برسراقتدار جماعت پیپلزڈیموکریٹک جماعت کے رکن پارلیمان طارق حمید نے حکومتی پالیسی کو ظالمانہ کہتے ہوئے اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا ہے۔
طارق حمید کا کہنا تھا کہ جولائی سے شروع ہونے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے بلاوجہ کرفیو نافذ کردیا گیا اور اب تک 100 سے زائد بے گناہ کشمیری عوام کا خون وادی کی دیواروں ، گلیوں اور نالیوں میں بہا دیا گیا ہے جب کہ کشمیریوں کا نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مزارات اور مساجد بند کردی گئی ہیں جب کہ تاریخ میں پہلی بار کشمیر میں مسلمانوں کو عید کی نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ایسی صورتحال کا ذمہ دار حکومت کی ناقص پالیسیوں کو ہی قرار دیا جاسکتا ہے جب کہ کشمیریوں پر ظلم و ستم ڈھانے والی بھارتی حکمران جماعت بی جے پی سے ریاستی حکومت کا الحاق بھی سمجھ سے بالا تر ہے اس لئے اپنے عہدے سمیت پارٹی سے بھی مستعفیٰ ہورہا ہوں۔