کشمیری نوجوان اپنے لہو سے تحریک آزادی کی آبیاری کررہے ہیں، سید علی گیلانی
سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ حل طلب تنازعہ کشمیر پورے خطے کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے اور بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں انسانی جانوں کا زیاں مسلسل جاری ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع پلوامہ کے علاقے لترمیں شہید ہونے والے نوجوان عرفان احمد راتھر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان اپنے لہو سے تحریک آزادی کی آبیاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھارتی قتل عام اور ظلم و ستم کا ہی نتیجہ ہے کہ کشمیری نوجوانوں مسلح جدوجہد شروع کرنے پر مجبورہوئے ہیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے خطہ خوشحالی اور ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو سکتا ہے لیکن بھارتی ضد اور ہٹ دھرمی اس کی راہ میں بنیادی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں جو بھی لوگ مارے جاتے ہیں اس کی تمام تر ذمہ داری تنگ نظر بھارتی سیاستدانوں پر عائد ہوتی ہے جو مسئلہ کشمیر کے تاریخی پسِ منظر اور زمینی حقائق کو فوجی غرور میں نظرانداز کررہے ہیں۔
حریت چیئرمین نے شہید نوجوان کے لواحقین کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ادھرسید علی گیلانی نے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے رُکن عبدالرحیم لنگو کی وفات پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے اور فلاحی کاموں، غریبوں اور یتیموں کی دیکھ بھال اور علاقے کے اہم مسائل پر اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا کر وہ اپنی ایک پہچان بنا چکے تھے۔
سید علی گیلانی نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور غمزدہ لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ دریں اثنا سید علی گیلانی کی ہدایت پر ڈاکٹر نعیم گیلانی ،نسیم گیلانی اور سید ظہور الحق مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے سوپور گئے ۔ انہوں نے غمزدہ لواحقین تک سید علی گیلانی کاتعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔ سید علی گیلانی نے سراج مخدومی کے بھائی کی وفات پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔