بھارتی قابض فورسز مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کو بدترین مظالم کا نشانہ بنا رہی ہیں، اشرف صحرائی
سرینگر: مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے ضلع پلوامہ میں لتر کے علاقے چوہدری باغ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوان عرفان احمد راتھر کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی قابض فورسز مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کوبدترین مظالم کانشانہ بنا رہی ہیں جنہیں آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ جیسے کالے قوانی کے تحت کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت نے جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینے کیلئے ہر قسم کے ہتھکنڈے اختیار کئے اور اب فوجی طاقت کے بل پرکشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کیلئے ظلم و جبر اور بربریت کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ظلم وجبر، تشدد، گرفتاریوں اور قتل وغارت گری کی پالیسی نے کشمیری جوانوں کو اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے پر مجبور کر دیا ہے اوروہ بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اشرف صحرائی نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں نے بھارت کی جبری غلامی سے نجات حاصل کرنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے قربانیوں کی بے مثال تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے عرفان احمد راتھر کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اُس کی بلندی درجات کیلئے دُعا کی۔انہوں نے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے ہی مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مرکز نگا ہ بن گیا ہے۔
ادھر تحریک حریت کے چیئرمین نے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے دیرینہ رکن حاجی عبدالرحیم لنگو کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ مرحوم ایک سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کا بہی خواہ تھے اور ابتداء سے ہی انہوں نے تحریک کا ساتھ دیا۔انہوں نے مرحوم کی بلندی درجات اور سوگوار خاندان کیلئے صبر عظیم کیلئے دعا کی ۔