کپوارہ میں فوج کے کیمپ پر حملہ، تین حملہ آور ہلاک
فوج کے ایک افسر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جمعرات کی ‘صبح تقریباً پانچ بجے کپوارہ ضلع کے لانگیٹ میں موجود فوج کے کیمپ پر فائرنگ ہوئی جس کا فوج کے چوکس جوانوں نے سخت جواب دیا۔’
انھوں نے کہا کہ فائرنگ تقریباً 20 منٹ تک ہوتی رہی لیکن اس میں ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
فوجی افسر کے مطابق فوج کے محتاط جوانوں نے حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے اور فائرنگ کرنے والے بندوق بردار وہاں سے فرار ہوگئے۔ تاہم سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران تین مبینہ حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
جموں کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں فوج کے کیمپ پر 18 ستمبر کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد سے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں فوج کے کیمپ یہ دوسرا حملہ ہے۔
پیر کی صبح بارہمولہ میں بھی فوج کے ایک کیمپ پر حملہ ہوا تھا۔ اس حملے میں بارڈر سکیورٹی فورسز کے ایک نوجوان کی موت ہو گئی تھی اور ایک شدید طور زخمی ہو گیا تھا۔
اڑی حملے کے بعد انڈیا نے سرحد پار جا کر شدت پسندوں کے خلاف سرجیکل سٹرائیک کا دعوی کیا تھا اور اس کے بعد سے ہی انڈیا اور پاکستان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔