کشمیر

نوجوانوں کو ٹارگٹ بنانے کے سنگین نتائج برآمد ہونگے، نعیم خان

سرینگر: جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان نے مقبوضہ کشمیر میں نوجوان نسل پر ظلم و زیادتیوں کو ناقابل برداشت قرار دیا۔ انہوں نے کشمیری حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر فوری طور پر کشمیری نوجوانوں کو ٹارگٹ کرنا بند نہیں کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نے گذشتہ روز ایک بار پھر سرینگر، اننت ناگ، بانڈی پورہ، کنگن اور پٹن میں طلباء و طالبات پر تشدد ڈھانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قابض فورسز تمام حدیں پار کر رہے ہیں اور اس کے لئے اُنہیں حکام کا آشیرواد حاصل ہے۔ نعیم خان نے سرینگر میں پولیس کے ہاتھوں ایک اور طالبہ کے زخمی ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری نوجوان نسل بھارتی نشانے پر ہے اس کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو ناقابل برداشت ہے اور اگر اس سلسلے کو فوری طور پر نہیں روکا گیا تو اس کے خلاف سنگین ردعمل ظاہر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نئی دہلی اور اس کے مقامی گماشتوں نے کشمیر میں ایک ایسی صورتحال تیار کر رکھی ہے، جس کے خلاف مظاہرے ناگزیر بن گئے ہیں کیونکہ کشمیری عوام ہر گزرنے والے دن کے ساتھ سیاسی طور پر باشعور ہوتے جا رہے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ بھارت اور اس کے مقامی آلہ کاروں کی پالیسیاں کتنی کشمیر مخالف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و قانون کی آڑ میں ہماری نوجوان نسل کو پس از دیوار کیا جارہا ہے جس کے خلاف ہر کشمیری کی طرف سے ردعمل کا ظاہر ہونا ایک فطری بات ہے۔ نعیم خان نے کہا کہ صرف کشمیر نہیں بلکہ جموں صوبہ کے مسلم اکثریتی خطوں میں بھی عوام ظلم و جور کے مہیب سایوں میں جی رہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close