سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں پانچ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں کے علاقے تلران میں جعلی مقابلوں میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا، اسی طرح کی بزدلانہ کارروائی شوپیاں کے علاقے فیری پورہ میں کی گئی، جہاں ریاستی آپریشن کے دوران مزید دو نوجوانوں کو شہید کیا گیا، جس کے بعد آج بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد پانچ ہوگئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چھ روز کے دوران بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد سات ہوگئی ہے، قابض فوج نے سری نگر سمیت کئی اضلاع میں موبال اور انٹرنیٹ سروس کو بند کردیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گذشتہ روز اسلام آباد اور بانڈی پورہ کے اضلاع میں مجاہدین سے جھڑپ کے دوران پانچ بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔
واضح رہےدو روز قبل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 900 سے زائد کشمیری نوجوانوں کو گرفتارکیا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مجاہدین کے ساتھ رابطوں کے جعلی الزامات لگا کر گرفتار کیا گیا ، تاہم بھارتی فوج نے تصدیق کرتے ہوئے 700 نوجوانوں کی گرفتاری ظاہر کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں کریک ڈاؤن کشمیری پنڈت کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد شروع ہوا۔
پاکستان نے نہتے کشمیریوں کی گرفتاری پر مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے دنیا کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔