شہداء کے مشن کی آبیاری قیادت اور قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے، میر واعظ عمر فاروق
سرینگر: جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے سنیچر کو بھارتی فورسز کے ہاتھوں خونین معرکہ آرائی میں شہید سبزار احمد بٹ اور شہید فیضان احمد اور رامپور اوڑی میں شہید کئے گئے جیالے سرفروشوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ان حریت پسند نوجوانوں نے اپنی چھڑتی جوانیوں کو مظلوم و ستم رسیدہ قوم کی آزادی اور سربلندی کے لئے قربان کر دی ہے، پوری قوم ان عظیم شہیدوں کی قربانیوں کی مقروض ہے۔ سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہداء کے عظیم نصب العین، مشن کی آبیاری، حق و انصاف پر مبنی عوامی جدوجہد کو پائے تکمیل تک لے جانا قیادت اور قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے عاقب رشید کو راست فائرنگ سے شہید اور دیگر ستر افراد کو شدید زخمی کر دینے کو بے لگام قابض فورسز کی بوکھلاہٹ و بدترین دہشتگردی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے اللہ تعالٰی سے زخمیوں کی فوری شفایابی کے لئے خصوصی دعا کی۔ میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جاری خون خرابہ اور بے گناہوں کا قتل عام دیرینہ مسئلہ کشمیر کو معلق رکھنے کا شاخسانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری خاص طور پر امریکہ اور یو این او کی یہ اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارتی حکومت پر اپنے دباؤ میں شدت لائیں، تاکہ وہ مسئلہ کشمیر کو یو این قراردادوں یا پھر سہہ فریقی مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے نتیجہ خیز ماحول پیدا کرے۔