خیبر پختونخواہ

کس سے فریاد کریں کہ ایف سی نے ایک مرتبہ پھر فائرنگ کرکے 6 بیگناہ لوگوں کا مار ڈالا ہے، اطہر طوری

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی پاراچنار کے عہدیدار اطہر طوری کا کہنا ہے کہ پاراچنار میں پہلے پہل ایک چھوٹا دھماکہ ہوا جیسے ہی لوگ زخمیوں کو اٹھانے پہنچنے تو ایک اور بڑا دھماکہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 50 قریب افراد شہید اور 80 سے زائد زخمی ہو گئے۔ اطہر طوری کے مطابق، ظلم کی بات یہ ہے کہ لوگ اشتعال میں پریس کلب کے باہر احتجاج کر رہے تھے کہ ایف سی اہلکاروں کی جانب سے پہلے ہوئی فائرنگ شروع کردی گئی اور پھر زمین میں فائر داغے گئے لیکن اچانک کچھ اہلکاروں نے براہ راست مظاہرین پر فائر کھول دیئے جس کے باعث چھ مزید شہری موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اطہر طوری کچھ دیر کیلئے خاموش ہوگئے اور پھر آہ بھرتے ہوئے سوال کیا کہ کراچی سے لیکر اسلام آباد تک مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے یا تو آنسو گیس کے شیل پھینکے جاتے ہیں یا پھر واٹر کینن کا استعمال کرکے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے لیکن واحد پاراچنار ہے جہاں بھارتی فوج جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، وہاں بھی شہریوں پر براہ راست فائر کھول دیا جاتا ہے اور یہاں بھی۔

اطہر طوری کا کہنا تھا کہ کیا ہم پاکستانی نہیں ہیں؟۔ آخر ہمارا قصور کیا ہے کہ دہشتگردی کا نشانہ بھی ہم بنیں اور ریاستی ادارے تحفظ دینے کے بجائے ہمارے اوپر ہی فائر کھول رہے ہیں۔ اطہر طوری نے بتایا کہ میجر اور ایف سی کمانڈنٹ کی موجودگی میں اہلکاروں نے اپنے ہی شہریوں پر براہ راست فائر کھولا دیا۔ اطہر طوری نے میڈیا پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ ہم پوچھتے ہیں کہ کراچی میں چار پولیس والوں پر فائرنگ ہوئی تو پورے میڈیا نے بریکنگ نیوز چلا دی اور مسلسل نشریات چل رہی ہے مگر ہمارے ہاں عید کے موقع پر ہمیں 50 کے قریب لاشوں کا تحفہ دیا گیا مگر اس پر کوئی بات کرنے کیلئے تیار نہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close