خیبر پختونخواہ

خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں عید الفطر آج منائی جائے گی

پشاور: مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے ملک سے باہر ہونے کے باوجود ملک بھر میں ایک ہی دن عید منانے کا خواب پورا نہ ہوسکا اور صوبہ خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں آج عیدالفطر منائی جائے گی۔ ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق مسجد قاسم علی خان کی مقامی اور غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج عید الفطر منائیں گے۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی غیر موجودگی میں مقامی کمیٹی کا اجلاس مولانا عبدالطیف شاکر کی سربراہی میں ہوا۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔
کمیٹی کے رکن قاری سمیع اللہ جان نے اس بات کا اعلان کیا کہ کمیٹی کو مجوعی طور پر چاند کی 50 شہادتیں موصول ہوئیں جن میں سے 46 درست ثابت ہوئیں۔ موصول ہونے والی شہادتوں کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 99 فیصد شہادتیں پشاور اور اس کے مضافاتی علاقوں سے موصول ہوئیں۔ ان کا  کہنا تھا کہ حکومت مقامی کمیٹی پر دباؤ ڈال رہی تھی کہ وہ رویت ہلال کا اجلاس منعقد نہ کریں جو کہ درست طریقہ نہیں۔ قاری سمیع اللہ نے یہ بھی کہا کہ پشاور کمیٹی کی جانب سے تصدیق کی جانے والی شہادتوں کے علاوہ دیگر علاقوں سے موصول ہونے والی شہادتوں کی تصدیق ان علاقوں کے معتبر علمائے کرام نے کی ہے اور ان علاقوں میں بھی آج عید الفطر منائی جائے گی۔
مردان کے ضلعی ناظم حمایت اللہ  نے کہا کہ  علمائے کرام  کو 17 شہادتیں موصول ہوئیں لہٰذا ضلع بھر میں عید الفطرآج منائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے دیگر حصوں میں رہنے والے لوگ بھی ہمارے ساتھ عید منا سکتے ہیں۔خیال رہے کہ مسجد قاسم علی کی کمیٹی کے اعلان پر خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں رمضان بھی ایک دن  پہلے شروع  ہوا تھا جب کہ ملک کے دیگر حصوں میں ایک دن بعد روزے شروع ہوئے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close