پاراچنار، آرمی چیف سے دھرنا کمیٹی کے مذاکرات، مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی
پاراچنار: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ہمراہ پاراچنار پہنچے۔ جہاں انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جاری دھرنے کی مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق آرمی چیف کی جانب سے دھرنا کمیٹی کو سکیورٹی کی مد میں تمام مطالبات پر عملدرآمد کرانے کی یقین دہانی کرائی گئی، جبکہ وفاقی حکومت سے متعلق مطالبات کے حوالے سے صورتحال واضح نہیں ہے۔ دھرنے کی 8 رکنی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے بعد آئی ایس پی آر کی جانب سے جو بیان جاری کیا گیا ہے اس کے مطابق پارا چنار سیف سٹی منصوبے کا قیام، افغان سرحد پر غیر قانونی آمدورفت کی روک تھام کیلئے باڑ کا قیام، سکیورٹی کیلئے فوج کے مزید دستوں کی تعیناتی شامل ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے یہ بھی وضاحت کی گئی کہ پاک فوج کیلئے پاکستان کے تمام عوام برابر ہیں۔
دوسری جانب میڈیا ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مذاکرات کے دوران جن مطالبات پر فوری عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی گئی وہ ذیل ہیں۔
1- پاراچنار کو سیف سٹی پراجیکٹ دیں گے۔
2- افغان بارڈر کو محفوظ بنانے کے لئے دو مرحلوں میں بارڑ لگائی جائے گئی۔
3- متاثرین زخمیوں کے لئے 20 لاکھ اور شہداء فیملیز کے ایک ایک فرد کے لئے نوکری اور معاوضہ
4- پاک فوج کے کرنل عمر کی جگہ کرنل رشید کو چارج دیا گیا ہے۔
5- جبکہ ایف سی کو ہٹانے کا معاملہ تاحال زیر غور ہے۔
واضح رہے کہ پاراچنار میں روزداروں پر دہشتگردوں کے یکے بعد دیگرے دو حملوں میں سو سے زائد شہادتوں کے بعد پاراچنار کے شہریوں نے احتجاجی دھرنا دیا ہوا تھا، جس کے ساتویں روز آرمی چیف اور وفاقی وزیر داخلہ نے دھرنا کمیٹی سے مذاکرات کئے۔