خیبر پختونخوا میں پہلی مرتبہ خاتون ایس ایچ او تعینات
پشاور: چیف کیپیٹل سٹی پولیس نے پشاور کے 12 تھانوں کے ایس ایچ اووز کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے احکامات جاری کر دیئے، جبکہ پشاور میں پہلی مرتبہ خاتون پولیس آفیسر رضوانہ حمید کو گلبرگ تھانہ میں بطور ایکٹنگ ایس ایچ او کے اضافی چارج حوالے کر دیا ہے۔ رضوانہ حمید گذشتہ 3 برسوں سے ویمن پولیس اسٹیشن میں تعینات ہیں، اب پہلی مرتبہ انہیں ایس ایچ او بنا کر تھانہ گلبرگ کی اضافی ذمہ داریاں بھی دیدی گئی ہیں۔
رضوانہ حمید کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا ہے کہ جرائم اور دہشت گردی سے نمٹنا ان کے لئے کوئی نئی بات نہیں، اضافی عہدے کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور یہ ذمہ داریاں نئی نہیں ہیں۔ گھریلو ذمہ داریوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے وطن ہے اور اس کے بعد گھر کی ذمہ داریاں ہیں۔ واضح رہے کہ سب انسپکٹر رضوانہ حمید نے 1996ء میں بطور اسسٹنٹ سب انسپکٹر پولیس میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ اس دوران محکمہ پولیس میں مختلف عہدوں پر فائز رہیں۔