وزیراعظم کے حق میں ایک اور آواز بلند، میر حاصل بزنجو نے نواز شریف مستعفی نہ ہونے کا مشورہ دیدیا
کوئٹہ: اناما کرپشن کا نہیں سیاسی کیس ہے، وزیراعظم نواز شریف کو استعفیٰ نہیں دینا چاہیئے اور صورتحال کا سامنا کرنا چاہئے، جمہوریت کو نہ چھیڑا جائے چلنے دیا جائے، عوامی مینڈیٹ جھٹلایا گیا تو ریاست سے اعتبار اٹھ جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے رہنما اور وفاقی وزیر میر حاصل بزنجو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دعوی سے کہتا ہوں سب نواز شریف کو چھوڑ جائیں گے لیکن چودھری نثار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ بدنیتی پر مبنی ہے، نواز شریف پر کرپشن کا ایک دھیلا بھی ثابت نہیں کر سکی، ایسی جے آئی ٹی سے تو نااہل ہی ہونا ہے، آرٹیکل 62 اور 63 پر عمل ہوا تو سب نااہل ہو جائیں گے، نواز شریف واحد وزیراعظم ہے جو خود اور بچوں کے ساتھ پیش ہوا، کلثوم نواز کے سوا کوئی نہیں بچا جو سپریم کورٹ میں پیش نہ ہوا ہو۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کو رول بیک نہیں ہونے دینگے اس وقت پاکستان کیخلاف سازش ہو رہی ہے، پاکستان کیخلاف نئی پالیسیاں بن رہی ہیں۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو اندرونی طور پر کمزور کرنے کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے، نواز شریف نے نیک نیتی سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کیا، نواز شریف کو جے آئی ٹی رپورٹ کو چیلنج کرنا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی تمام حکومتوں کو کرپٹ کہہ کر ہٹایا گیا، کوئی ایک شخص دکھا دیں جو صادق اور امین ہو، سپریم کورٹ قابل احترام ہے جو فیصلہ دیگی قبول کریں گے۔