خیبر پختونخوا اسمبلی میں عمران خان کو شرعی سزا دینے کی قرارداد
پشاور: خیبر پختون خوا اسمبلی میں تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو شرعی قانون کے مطابق سزا دینے کی قرارداد جمع کرا دی گئی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی خواتین ارکان صوبائی اسمبلی نے قرارداد جمع کرائی ہے جس میں عمران خان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ عمران خان نے خیبر پختون خوا اور قبائل کی عزت عاشہ گلالئی کے ساتھ بدتمیزی کا مظاہرہ کیا جس سے صوبے کے عوام کی عزت مجروح ہوئی ۔ قرارداد میں سفارش کی گئی کہ عائشہ گلالئی کے الزامات کی روشنی میں عمران خان کو اسلامی و شرعی قوانین کے مطابق سزا دی جائے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی سابق رہنما اور رکن قومی اسمبلی عائشہ گلا لئی نے عمران خان پر بدکردار ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی چیرمین کی وجہ سے خواتین کی عزتیں محفوظ نہیں ہیں جس پر انہیں تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جب کہ اس حوالے سے عمران خان نے کہا ہے کہ عائشہ گلہ لئی نے خود کو بری طرح پھنسا لیا ہے۔