ایسے پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں جہاں قانون کی عملداری ہوگی، آرمی چیف
اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ قوم کی حمایت سے پرامن پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں جہاں قانون کی عملداری ہوگی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سپہ سالار وادی راجگال پہنچےجہاں ان کا استقبال لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور آئی جی ایف سی میجر جنرل شاہین مظہر نے کیا۔ انہوں نے آپریشن خیبر فورکی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اللہ کا شکر ادا کیا کہ پاک فوج عوام کی توقعات پر پوری اتری ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ قوم ایک پرامن پاکستان کی جانب بڑھ رہی ہے۔ جہاں قانون کی عملداری ہوگی۔ انہوں نےاس توقع کا اظہار کیا کہ ریاست کی عملداری اور قانون کی بالا دستی سب سےاوپر ہوگی۔ ہر پاکستانی ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ علاقے کو دہشتگردوں سے جلد کلیئر کرا لیا جائےگا۔ آرمی چیف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آپریشن خیبر فور کے دوران اب تک 90 فیصد علاقہ دہشتگردوں سے خالی کرا لیا گیا ہے۔ آرمی چیف نے سیکیورٹی فورسز بالخصوص پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مہارت سے نشانہ بنانے پر جوانوں کو سراہا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کےساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔