ملکی معیشت کی زبوں حالی پی ٹی آئی کی چھوڑی ہوئی ہے: پی ڈی ایم سربراہ
ڈیرہ اسماعیل خان: اب یہ استعفوں کی گردان کر کے بلیک میلنگ کررہے ہیں، سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ان کا ایجنڈا ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم دلدل میں پھنس چکے ہیں اور چیلنجز سے نمٹنے کی کوششیں کررہے ہیں۔
فضل الرحمان نے کہا کہ ملکی معیشت کی زبوں حالی پی ٹی آئی کی چھوڑی ہوئی ہے اور اب یہ استعفوں کی گردان کر کے بلیک میلنگ کررہے ہیں، سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ان کا ایجنڈا ہے۔
انہوں نے ہکا کہ عمران خان اپنی حکومت کی کارکردگی بتائیں، خیبرپختونخوا حکومت نے سابق دور سے زیادہ تاریخی قرض لیے اور اب صوبائی حکومت اپنی ناکامی کو وفاق پر تھوپنے کی کوشش کررہی ہے، جھوٹ پر مبنی سیاست انکا وطیرہ ہے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ ہم ملکی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، پاکستان کا معاشی سیاسی اور دفاعی استحکام ہماری منزل ہے، سی پیک سے ملک بہت ترقی کریگا، 26 دسمبر کو شہباز شریف سی پیک کے اگلے مرحلے کا افتتاح کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 12 لاکھ ایکڑ اراضی بنجر ہے، لفٹ کینال اور چشمہ کینال ہماری ترجیحات میں شامل ہیں، علاقے کی پسماندگی دور کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں اور ڈی آئی خان میں صنعتی علاقہ قائم کرنے جا رہے ہیں جبکہ وسط ایشیا کے لئے کارگو ایئرپورٹ بھی یہاں بنا رہے ہیں۔
جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی استعفوں کی گردان بلیک میلنگ کا حصہ ہے کیونکہ سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا انکا ایجنڈا ہے، ہم دلدل میں پھنس چکے ہیں اورچیلنج سے نمٹ رہے ہیں، نیب کا قانون غلط ہے جس کا ماضی کی حکومت نے بہت زیادہ ناجائز استعمال کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ روس، چین اور سعودی عرب سے بات کر رہے ہیں۔