خیبر پختونخواہ

ڈی آئی خان، اہدافی قاتلوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ کے ایک اور سانحہ میں مدرسہ جامعۃ النجف کوٹلی امام حسین (ع) کی حفاظتی ڈیوٹی پہ معمور دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جامعۃ النجف میں دن بھر حفاظتی ڈیوٹی سرانجام دینے کے بعد نماز مغرب کے وقت دونوں پولیس اہلکار سید یاسر عباس شاہ سکنہ کچی کاٹھ گڑھ اور سید ناصر علی شاہ سکنہ سیگڑی واپس جانے لگے تھے کہ تحریک تحفظ کوٹلی امام حسین (ع) کے احتجاجی کیمپ کے نزدیک نامعلوم دہشت گردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ متعدد گولیاں لگنے سے دونوں پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ کوٹلی امام حسین (ع) میں موجود نمازیوں نے دونوں اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد دینے کی غرض سے ہسپتال منتقل کرنے کی فوری کوشش کی، تاہم دونوں سید زادے پولیس اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ڈی آئی خان کی سیاسی و عوامی تنظیموں نے سانحہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شہر کو ایک مرتبہ پھر فرقہ ورانہ جنگ میں جھونکنے کی سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ جس احتجاجی کیمپ کے مقام پر دونوں اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے، گزشتہ چھ ماہ سے جاری اس کیمپ کو انتظامیہ کی جانب سے کوئی سکیورٹی بھی فراہم نہیں کی گئی تھی جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ہفتہ وار بنیاد پر ایک حفاظتی مراسلہ جاری کیا جاتا تھا، جس میں کیمپ کے شرکاء کو دہشت گردی کے خدشے سے آگاہ کیا جاتا تھا۔ سانحہ کیخلاف شہریوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ جشن آزادی کے سلسلے میں جاری پروگراموں نے بھی تاسف و افسوس کا لبادہ اوڑھ لیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close