خیبر پختونخواہ

سیاست نہیں ڈینگی کیخلاف عوام کی خدمت کررہے ہیں، امیر مقام

پشاور: وزیر اعظم کے مشیر و پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ ہم سیاست نہیں ڈینگی کیخلاف عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہیںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تہکال میں ہیلتھ کیئر یونٹ کے معائنہ کے بعد پشاور پریس کلب میں پنجاب کے وزیر برائے صحت خواجہ عمران نذیر کے ہمراہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پنجاب کے پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود بھی موجود تھے۔ امیر مقام نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مزید 2 یونٹس اور تین سی بی سی اینالائزر پشاور پہنچ جائیںگے۔ دکھ کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت کے تعاون پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے 13 افراد پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جو ڈاکٹروں کی ٹیم اور عوام کے درمیان رابطے اور سہولیات بہتر بنانے کا کام کریگی۔ وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہاکہ پنجاب کی جانب سے بھیجے گئے ڈاکٹروں کی ٹیم کیساتھ تعاون نہ کرنا یا ان کی خدمات قبول نہ کرنا، اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ صوبائی حکومت ڈینگی کو ختم کرنے کی بجائے سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کے ذمہ داروں کو معلوم ہونا چاہیئے کہ ایک جان بچانا پوری انسانیت بچانے کے مترادف ہے۔ انجینئر امیر مقام نے پنجاب ہیلتھ یونٹ کا دورہ کرکے ڈاکٹروں سے ڈینگی کے حوالے سے مفصل گفت و شنید کی اور علاقے میں ڈاکٹروں کی خدمات کو سراہا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close