بیگم نسیم ولی اور اسفندیار ولی میں صلح ہوگئی
پشاور: بیگم نسیم ولی خان اور اسفندیار ولی خان میں صلح ہوگئی ہے، دونوں میں گذشتہ 4 سالوں سے پارٹی امور سے متلعق فیصلوں پر اختلافات ہوگئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق بیگم نسیم ولی خان اور اسفندیار ولی خان کے درمیان 4 سال سے شدید اختلافات تھے، انہی اختلافات کی بنیاد پر بیگم نسیم ولی خان نے پارٹی میں اے این پی ولی گروپ کے نام سے الگ دھڑا بھی بنا لیا تھا۔ بیگم نسیم ولی اور اسفندیار ولی میں صلح کرانے میں خاندان کے افراد نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ واضح رہے کہ 1988ء سے 1997ء کے الیکشن کے دوران پارٹی پر بیگم نسیم ولی خان کا کنٹرول بہت مضبوط تھا، تاہم 2006ء میں خان ولی خان کی وفات کے بعد پارٹی کی قیادت اسفند یار ولی کے ہاتھ آگئی، جنہوں نے رفتہ رفتہ بیگم نسیم ولی خان کے قریبی ساتھیوں کو نظر انداز کرنا شروع کر دیا تھا۔ اسفند یار ولی کے فیصلوں کے باعث بیگم نسیم پارٹی میں اپنی افادیت کھو بیٹھی تھیں، بعد ازاں تقریباً 4 برس قبل بیگم نسیم ولی خان اور اسفند یار ولی کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آئے تھے۔