پشاور، ڈینگی سے ایک اور خاتون چل بسی، ہلاکتوں کی تعداد 18 تک جاپہنچی
پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور میں ڈینگی سے متاثرہ ایک اور خاتون خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں دم توڑ گئی جس کے ساتھ صوبہ بھر میں ڈینگی سے ہونے والی اموات کی تعداد 18 تک پہنچ گئی ہے۔ ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف ہسپتالوں میں 1558 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں 292 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں سے 135 افراد کو آئسولیشن وارڈز میں داخل کرایا گیا ہےجبکہ آج خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں زیر علاج فاطمہ زوجہ اقبال سکنہ تہکال جان بحق ہوگئی جس کے بعد اب تک صوبے بھر میں جان بحق ہونے والوں کی تعداد 18 ہو گئی ہے۔ رسپانس یونٹ کے مطابق ڈینگی بخار میں مبتلا 406 افراد اب بھی پشاور کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر پشاور ثاقب رضا اسلم کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے خلاف مہم جاری ہیں، شہر کے بعض متاثرہ علاقوں میں سپرے کرنے والی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔