خیبر پختونخواہ

محرم الحرام، ٹانک پولیس نے سکیورٹی کا خصوصی پلان جاری کردیا

ٹانک: اسلام ٹائمز۔ محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے لئے ٹانک پولیس نے سکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے۔ ضلع بھر کو تین سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے، ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری سمیت اشتعال انگیز تقاریر، وال چاکنگ پرپابندی عائد ہو گی۔ پولیس اور ایف سی کی اضافی نفری طلب کرلی گئی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفسیر ٹانک شاہ نذر نے سیکورٹی پلان کے حوالے سے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام کے لئے پولیس کی جانب سے سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیاہے ضلع تین سیکٹرز میں تقسیم ہے تینوں سیکٹرز کے انچارج ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز رینک کے افسران ہونگے۔ ضلع بھر کی تمام نفری سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے گی جبکہ نفری کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ایف سی اور پولیس کی اضافی نفری کی ڈیمانڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم محرم الحرام سے ٹانک کے نو امام بارگاہوں پر پولیس کی نفری تعینات کر دی جائے گی۔ پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر پاک آرمی اور پولیس کا سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن شروع ہے جبکہ ایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں کہ وہ ہوٹلوں کی چیکنگ کریں اور وہاں پر ٹھہرنے والے افراد کے بارے میں معلومات رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ دسویں محرم الحرام کے دن جلوس والی گزر گاہوں والے راستے سیل ہوں گے جبکہ جلوسوں کے گزرنے سے پہلے جلسوں کی گزرگاہوں کو بم ڈسپوزل اسکوارڈ کے عملہ کے ذریعے کلئیر کروایا جائے گا، بعد میں جلوسوں کو آگے کی جانب جانے کی اجازت دی جائے گی۔ ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو محکمہ پولیس کی جانب سے مخصوص قسم کے کارڈ جاری کئے جائیں گے تاکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی کا اندیشہ نہ ہو۔ ضلع بھر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی باہر سے آنے والے مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شیعہ اور سنی مسلک سے تعلق رکھنے والے وہ علماء اور ذاکرین جن پر حکومت نے پابندی لگائی گئی ہے ان کا ٹانک میں داخلہ ممنوع ہو گا۔ کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لئے ڈی پی او آفس میں ایک کنٹرول قائم کیا جائیگا جو 24 گھنٹے کام کرے گا فول پروف سیکورٹی کے لئے پاک آرمی کی مکمل مدد حاصل رہے گی اور کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لئے پاک فوج پولیس کو مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹانک میں سکیورٹی کے لئے اٹھائے جانیوالے اقدامات کا مقصد شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ اس لئے شیعہ اور سنی اکابرین محرم الحرام کے دوران قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ محرم الحرام ٹانک میں امن و امان کے ساتھ اختتام پذیر ہو سکے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close